بنگلور 22/جنوری (ایس او نیوز) گذشتہ روز بلاری میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے مبینہ طور پر دلتوں کو گلی کے کتے کہہ کر مخاطب ہوئے تھے اور کہا تھا کہ ہم کچھ گلی کے کتوں کے احتجاج میں پھنسنے والے نہیں ہیں، جب بات میڈیا کے ذریعے پھیلی اور ہر طرف سے ان کے بیان کی مذمت ہونے لگی تو اننت کمار ہیگڈے نے فورا اپنا پینترا بدلتے ہوئے کہا کہ ان کا اشارہ دلتوں کی طرف نہیں تھا، میڈیا والوں نے اُن کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔
ہیگڈے کے بیان کے بعد اب کانگریس نے کہا ہے کہ بی جے پی کو اقلیت کے مسئلے پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے اور اسے اپنے منشور میں ڈالنا چاہئے۔این ڈی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر ٹام وڈککن نے کہا کہ یہی وہ چیزہے جس کے خلاف دلت کئی برسوں سے لڑ رہے تھے، ان کے مطابق ہیگڈے کو کابینہ میں رہنے کا حق نہیں ہے۔
مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کے دلت مخالف بیان پر اداکارپرکاش راج نے بھی تبصرہ کرکے اپنی رائے دی ہے۔پرکاش راج نے ٹوئٹ کرکے لکھا کہ بس بہت ہو گیا، بار بار لوگوں کو چوٹ پہنچانے والے وزیر اننت کمار ہیگڈے نے پھر سے ایسا کیا ہے، وہ دلتوں کو کتا کہتا ہے، جبکہ وہ ان کے آئین تبدیل کرنے والے متنازعہ بیان پراحتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔بی جے پی کے سپریم لیڈر ہیں کیا اب آپ لوگ اسے استعفی دینے کوکہوگے، یا آپ لوگ ان کے بیان کی حمایت کرتے ہیں؟
واضح رہے کہ اداکار پرکاش راج نے حال ہی میں مودی اور امت شاہ کو نشانہ بنانے کے دوران کہا تھا کہ وہ ہندوؤں کے خلاف نہیں ہیں،بلکہ وہ مودی ،ہیگڑے اور امت شاہ کے خلاف ہیں، کیونکہ یہ تینوں ہندو نہیں ہیں۔